ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’اس قتل کے ذمہ دار مودی ہیں‘، راہل گاندھی کو گُلّک دینے والے بچوں کے والدین کی ہلاکت پر کانگریس کا شدید احتجاج

’اس قتل کے ذمہ دار مودی ہیں‘، راہل گاندھی کو گُلّک دینے والے بچوں کے والدین کی ہلاکت پر کانگریس کا شدید احتجاج

Sat, 14 Dec 2024 11:04:57  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 14/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران کئی جذباتی لمحات دیکھنے کو ملے، جن میں سے ایک یادگار تصویر وہ تھی جب مدھیہ پردیش کے کچھ بچوں نے راہل گاندھی کو اپنی ’گُلّک‘ تحفے میں پیش کی۔ افسوسناک خبر یہ ہے کہ ان بچوں کے والدین اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ میڈیا رپورٹس میں ان کی موت کو خودکشی قرار دیا جا رہا ہے، لیکن کانگریس نے اس واقعہ کو بی جے پی کی نفرت پر مبنی سیاست کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ پارٹی نے الزام لگایا ہے کہ یہ موت محض خودکشی نہیں، بلکہ ایک قتل ہے، جس کے لیے نریندر مودی ذمہ دار ہیں۔

کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں راہل گاندھی کی گُلّک کے ساتھ تصویر ہے اور وہ بچے بھی ہیں جنھوں نے یہ تحفہ دیا تھا۔ اس پوسٹ میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’بھارت جوڑو یاترا کے وقت مدھیہ پردیش میں بچوں نے راہل گاندھی جی کو اپنی گُلّک تحفہ میں پیش کی تھی۔ اب خبر ہے کہ گُلّک دینے کے بعد سے ہی بچوں کے والدین کو انتظامیہ پریشان کر رہا تھا۔ کچھ دنوں پہلے ای ڈی نے ان کے یہاں چھاپہ ماری کی تھی۔‘‘

کانگریس کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے بعد سے ہی متاثرہ کنبہ بہت پریشان تھا۔ سوشل میڈیا پر کیے گئے پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’اس کارروائی سے بچے کے والدین بے حد ڈپریشن میں تھے اور پریشان تھے۔ اب ان کی خودکشی کی خبر آ رہی ہے۔ یہ صاف طور سے نفرت کی سیاست کا نتیجہ ہے۔‘‘ اس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’نریندر مودی ہر سطح تک جا کر گندی سیاست کے دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں۔ یہ خودکشی نہیں قتل ہے، جس کے ذمہ دار نریندر مودی ہیں۔‘‘

دراصل جس جوڑے کی خودکشی کا تذکرہ کانگریس نے کیا ہے، اس کا تعلق مدھیہ پردیش کے سیہور سے ہے۔ کاروباری منوج پرمار اور ان کی بیوی نیما پرمار کی لاش جمعہ کی صبح گھر میں پھندے پر لٹکی ملی ہے۔ ان کے ہی بچوں نے اپنی گُلّک راہل گاندھی کو تحفے میں دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ 5 دسمبر کو ای ڈی نے ان کے گھر اور دفتر پر چھاپہ ماری کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی پرمار فیملی بہت پریشان تھی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ خودکشی کے مقام سے سوسائیڈ نوٹ برآمد ہوا ہے، حالانکہ یہ سامنے نہیں آیا ہے کہ اس میں کیا کچھ لکھا ہوا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ دگ وجئے سنگھ نے بھی اس واقعہ کے تعلق سے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر اپنا افسوس ظاہر کیا ہے۔ انھوں نے ای ڈی کے ذریعہ پرمار کو پریشان کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔


Share: